منگلورو ، 30 / جولائی (ایس او نیوز) شیرڈی گھاٹ علاقے میں تین چار روز قبل ایڈاکومیری اور کڈاگرالّی اسٹیشنوں کے بیچ پہاڑی چٹان کھسکنے کی وجہ سے منگلورو - بینگلورو روٹ پر چلنے والی جن ٹرینوں کو عارضی طور پر بند کیا گیا تھا، اس کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ ان ٹرینوں کو دوبارہ شروع کرنے میں مزید 15 دنوں کا وقفہ لگ سکتا ہے ۔
جمعہ کے دن دوبارہ اس روٹ پر لینڈ سلائڈنگ ہونے کے بعد ریلوے لائن کو بری طرح نقصان پہنچا تھا جس کے بعد بہت سی ٹرینوں کا روٹ بدل دیا گیا تھا اور بعض ٹرینوں کو پوری طرح منسوخ کیا گیا تھا جس میں بینگلورو سے منگلور ہوتے ہوئے مرڈیشور اور کاروار تک چلنے والی ٹرینیں شامل ہیں ۔
ریلوے ٹریکس کی مرمت جس انداز میں ہو رہی ہے اس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ منسوخ کی گئی ٹرینوں کو کم از کم پندرہ دن بعد ہی دوبارہ شروع کیا جا سکے گا ۔
بتایا جاتا ہے کہ چٹان کھسکنے کی وجہ سے جائے حادثہ پر پہنچنے کا سڑک کا راستہ بالکل بند ہوگیا ہے اور وہاں تک مرمتی سامان اور مشینیں لے جانے کے لئے صرف ٹرین ویگن سے ہی لے جایا جا سکتا ہے جو ایک انتہائی دشوار عمل بن گیا ہے ۔ اس کے باوجود ریلوے کے حکام نے ضروری سامان جائے حادثہ تک اٹھا کر لے جانے کے لئے 750 مزدوروں کی خدمات حاصل کی ہیں اور ٹریکس کو جلد از جلد درست کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے ۔
اس حادثے کا دوسرا منفی اثر یہ ہوا ہے کہ ہوائی جہاز اور بسوں کے کرایے دوگنے ہوگئے ہیں اور مسافروں کے لئے نہ چاہتے ہوئے بھی اپنی جیب ڈھیلی کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہ گیا ہے ۔
اسپیشل ٹرینوں کا انتظام : اس صورتحال سے نپٹنے اور مسافروں کو راحت پہنچانے کے لئے ساوتھ سینٹرل ریلویز نے اس عرصے میں کچھ خصوصی ٹرینیں چلانے کا انتظام کیا ہے ۔
30 جولائی کو ایک ون وے اسپیشل ٹرین مڈگاوں سے بینگلورو تک چلے گی جو منگلورو جنکشن سے ہو کر گزرے گی ۔ شام 4.30 بجے مڈگاوں سے نکلنے والی یہ ٹرین کاروار،انکولہ، کمٹہ، ہوناور، مرڈیشور، بھٹکل، بیندور، کنداپور، اڈپی، مولکی، سورتکل، منگلورو جنکشن، کاسرگوڈ، کنور، کوزیکوڈ، تھرسور، پالکاڈ جنکشن، کوئمبتور جنکشن اور کرشنا راجا پورم سے ہوتے ہوئے دوسرے دن شام 3.30 بجے بینگلورو پہنچے گی ۔
اسی طرح 31 جولائی کو ایک اسپیشل ون وے ٹرین کاروار سے یشونت پور تک جائے گی ۔ شام 5:30 کو کاروار سے نکلنے والی یہ ٹرین کمٹہ، ہوناور، مرڈیشور، بھٹکل، بیندور، کنداپور، اڈپی، منگلورو جنکشن، کاسرگوڈ، کنور، کوزیکوڈ، تھرسور، پالکاڈ جنکشن، کوئمبتور جنکشن اور کرشنا راجا پورم سے ہوتے ہوئے دوسرے دن دوپہر 12:15 بجے بینگلورو پہنچے گی ۔